اشیائے ضروریہ کے من مانے نرخ گرانفروشی پر شہری پریشان

اشیائے ضروریہ کے من مانے نرخ گرانفروشی پر شہری پریشان

ریٹ لسٹ نظرانداز،دالیں،مرغی کاگوشت،آٹامہنگے فروخت ،10کلووالاسرکاری آٹے کاتھیلا کہیں بھی دستیاب نہیں،دکانداروں ،شہریوں میں بحث و تکرار

گوجرانوالہ،سیالکوٹ(نیوز رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر)گوجرانوالہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ریٹ لسٹ دکانداروں نے ہوا میں اڑا دی ، من مانے نر خوں پر اشیائے خورونوش فروخت ،شہری گرانفروشی سے سخت پریشان ۔ دکانداروں نے مقررہ ریٹ لسٹ تو آویزاں کی ہوئی ہے مگروہ مقررہ ریٹ پرکوئی چیز فروخت نہیں کر رہے ۔سرکاری لسٹ میں دال چنا کا ریٹ 210مقرر ہے مارکیٹ میں 225وپے کلو فروخت ہو رہی ہے ۔کالے چنے 210روپے وہ بھی دکاندار 220روپے کلو بیچ رہے ہیں۔سفید چنے کا ریٹ220مقرر ،240روپے فروخت ہو رہے ہیں۔ برائلر مرغی کا گوشت 593مقر رہے دکاندار 680روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔

آٹے کا 10کلو والے سرکاری تھیلے کا ریٹ 905مقررہے لیکن مارکیٹ میں یہ دستیاب ہی نہیں اور15 کلو کا تھیلا1800روپے کابیچا جا رہا ہے ۔کوئی بھی چیز ضلعی انتظامیہ کی جاری کردہ ریٹ لسٹ کے حساب سے فروخت نہیں ہو رہی جسے دکاندار وں نے ماننے سے انکار کر دیا ہے صرف انتظامیہ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے آویزاں کی ہوئی ہے جس پر دکانداروں اور شہریوں میں بحث و تکرار ہوتی رہتی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کیخلاف پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روازنہ کارروائی کر رہے ہیں بھاری جرمانے کئے جاتے ہیں ۔ سیالکوٹ اورگردونواح میں بھی دکانداروں نے اشیا کی من مانی قیمتیں مقرر کرلیں جبکہ دکانداروں کاکہناہے کہ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں مقررہ ریٹ لسٹ پر اشیا کی فروخت کروانے میں ناکام ہیں ہمر پر گرانفروشی کا الزام سراسر غلط ہے ،انتظامیہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہول سیل مارکیٹ اور منڈیوں میں قیمتوں کو کنٹرول کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں