پنڈی بھٹیاں :مختلف مسالک کے آئمہ کرام میں کارڈز تقسیم
دینی، اخلاقی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں آئمہ مساجد کا کردار اہم:اسسٹنٹ کمشنر
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح پنڈی بھٹیاں میں بھی آئمہ کرام کیلئے اعزازیہ کارڈ کی تقسیم جاری ہے ۔اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک نے اے سی آفس میں تقریب کے دوران مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے آئمہ کرام میں اعزازیہ کارڈ تقسیم کئے ۔ تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے آئمہ کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں دینی، اخلاقی اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں آئمہ مساجد کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب آئمہ کرام کی خدمات کے اعتراف کے طور پر ان کی فلاح و بہبود کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ اس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ آئمہ کرام نے اعزازیہ کارڈ کی تقسیم پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آئمہ کرام کی حوصلہ افزائی کا باعث ہے ۔ شرکا نے امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی دینی طبقے کی فلاح کیلئے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔