سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کوخالی کرایاجائے :صبا اصغر
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا ) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر نے محکمہ تعلیم سیالکوٹ کو ہدایت کی ہے کہ۔۔۔
ضلع بھر میں تمام سرکاری سکولوں کی وہ عمارتیں اور کمرے جن کو مکمل یا جزوی طور پر خطرناک قرار دیا گیا ہے ان کو خالی کروایا جائے اور ایسی عمارتوں میں سٹوڈنٹس کے پڑھنے اور اکھٹا ہونے پر پابندی عائد کی جائے ۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے مراسلہ کی روشنی میں سکولوں کی مکمل یا جزوی خطرناک عمارتوں کے گرد حفاظتی حصار بنایا جائے ، سر بمہر کیا جائے اور تنبیہی بورڈ نمایاں طور پر آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے کہا محکمہ سکول ایجوکیشن کے احکامات کی خلاف ورزی اور کسی حادثہ کی صورت میں محکمہ تعلیم کے افسروں اور متعلقہ ہیڈ ٹیچر پر ذمہ داری عائد ہو گی اور سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے انتظامی اور محکمہ تعلیم کے افسروں کو سکولوں کے دورے کرکے ان احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔