سیالکوٹ: اور گردونواح میں ریٹ لسٹ نظر انداز اشیاخورونوش کے من مانے نرخ شہری پریشان
ماہ رمضان میں مہنگائی کا طوفان برپا ،ٹماٹر، پیاز، کیلا سیب اور کینوسرکاری نرخ ناموں کے برعکس فروخت فروخت ہورہے ، نا جائز منافع خوری پر سخت کارروائی کرنے کامطالبہ
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)سیالکوٹ اور گردو نواح میں سرکاری ریٹ لسٹ نظر انداز، ٹماٹر 100، شملہ مرچ 240، پیاز 90،سیب 500، ایرانی کھجور 520، امرود و 190روپے کلو، کیلا 225، کینو 340 کے درجن ،رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان برپا، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی۔ ٹماٹر، پیاز، کیلا سیب اور کینوسرکاری نرخ ناموں کے برعکس فروخت ہورہے ہیں۔اوپن مارکیٹ میں دکاندار سبزیاں اور پھل من مانے نرخوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ سرکاری ریٹ لسٹ کے مطا بق امرود کا ریٹ 140 ہے دکاندار 190 روپے کلو جبکہ سیب اول درجہ کاریٹ 400کی بجائے 500 روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ کیلا 225 روپے درجن کی بجائے 300، کینو 220 سے 340 روپے درجن، کھجور ایرانی کا سرکاری ریٹ 410دکاندار 520روپے کلو چ ر ہے ہیں۔ سبزیوں میں پیاز کا سرکاری ریٹ 60دکاندار 90روپے کلو،ٹماٹر 85کی بجائے 100، پالک 33 کی بجائے 60سبز مرچ 115 کی بجائے 150،شملہ مرچ 150کی بجائے 240اور لہسن سرکاری نرخ پر 530کی بجائے 600روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ قیمتوں میں اضافے پر دکانداروں اور شہریوں میں بحث و تکرار جاری ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیاہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریس نا جائز منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کریں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ منڈی میں سبزی اور پھلوں کی قیمتیں کنٹرول ہونی چاہئیں۔