تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لئے عید کی کمائی شروع

تجاوزات مافیا نے پنجے گاڑھ لئے عید کی کمائی شروع

کاروباری مراکز کے سامنے سرکاری اور خالی پلاٹوں پر بھی جگہ دکانداروں نے کرایہ پر دیدی ،ضلعی انتظامیہ ،پیرا فورس ، کارپوریشن تجاوزات روکنے میںناکام

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ میں تجاوزات مافیا نے دوبارہ پنجے گاڑھ لئے ، اندرون شہر بازاروں ،مارکیٹوں اورسڑکوں پر تجاوزات قائم ہوگئیں ، عیدالفطر کی کمائی شروع ،متعدد کاروباری مراکز کے سامنے سرکاری اور خالی پلاٹوں پر بھی جگہ دکانداروں نے کرایہ پر دے دی ۔ضلعی انتظامیہ ،پیرا فورس اور میونسپل کارپوریشن بازاروں ،مارکیٹوں میں تجاوازات کو ختم کروانے میں ناکام،عزیز کراس چوک سے ڈیوڑھا پھاٹک جی ٹی روڈ کے اطراف قائم سروس روڈ پر جگہ جگہ آٹو مکینکس نے گہرے گڑھے کھود رکھے ہیں جبکہ گاڑیوں کی مرمت بھی سروس روڈ پرکی جانے لگی جس سے سڑک بلاک رہنا معمول بن گیا ۔

اندورن شہر کے تمام بازاروں سمیت جی ٹی روڈ،کالج روڈ،گرجاکھ روڈ،گورونانک پورہ روڈ،نوشہرہ روڈ،نوشہرہ سانسی روڈ، کھیالی روڈ،کچا درواز ہ،کچا شیخوپورہ روڈ،حافظ آباد روڈ، شاہین آباد،گل روڈ،پسرورروڈ،فیروز والہ روڈ،کشمیر روڈ، اپروچ روڈ،فیصل روڈ،بہاری کالونی روڈ سمیت شہر کی تمام چھوٹی بڑی سڑکوں کے کناروں پر ٹھیلہ فروشوں،گل فروشوں نے پختہ وعارضی تھڑے قائم کرکے قبضہ کر رکھا ہے جس سے کشادہ سڑکیں بھی سکڑ گئیں۔ دال بازار، کھنڈ بازار،ریل بازار،سید نگری بازار،صرافہ بازار،پاک بازار،بازار خراداں،لوہے والا بازار ٹھاکر سنگھ گیٹ، گرجاکھی وسیالکوٹی گیٹ،پیپلز کالونی مارکیٹ،ماڈل ٹاؤن مارکیٹ،سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ،کھیالی شاہ پور مین بازار،شاہین آباد مین بازار ودیگر کاروباری مراکز میں تاجروں نے دکانوں کے آگے سرکاری جگہ پر سٹالز لگوا کر کرایہ پر دیدیئے جس سے بازار تنگ اور کا گزرنا محال ہوگیا ۔شیرانوالہ باغ پھاٹک،سیالکوٹی پھاٹک، گوندلانوالہ پھاٹک،دیوڑھا پھاٹک کے اطراف ٹھیلہ فروشوں ،چاند گاڑیوں اور آٹو رکشہ کی بھرمار ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں