عارفوالا:فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، غیرمعیاری کھویا برآمد
کھویا کا نمونہ مقررہ معیار پر پورا نہیں اترا،صحت کیلئے مضر ہے : ڈپٹی ڈائریکٹر
عارفوالا،پاکپتن(تحصیل رپورٹر،خبرنگار)عارفوالا میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے چوک کالے پٹھان عارفوالہ میں واقع ایک کھویا یونٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرا دی اور ایمرجنسی پروہیبیشن آرڈر نافذ کر دیا۔ کارروائی کے دوران موقع سے غیر معیاری کھویا اور متعلقہ سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عمیر ستار کے مطابق لیبارٹری تجزیے میں کھویا کا نمونہ مقررہ معیار پر پورا نہیں اترا، رپورٹ میں بٹائرو ریفریکٹومیٹر ریڈنگ، نمی اور ملک فیٹ کی مقدار غیر معیاری پائی گئی، جس کی بنیاد پر اسے ملاوٹی اور انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا گیا۔ حکام کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مہمات کو مزید تیز کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر عمیر ستار نے اس موقع پر کہا کہ ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ، خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔