زرعی یونیورسٹی ،میزان بینک میں مفاہمتی یادداشت کی تجدید
بینک کی جانب سے یونیورسٹی کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور میزان بینک نے اسلامی بینکاری و مالیات کے شعبے میں اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی کے کورسز اور تربیت کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت کی تجدید کر دی۔ اس موقع پر بینک کی جانب سے یونیورسٹی کو 50 لاکھ روپے کا چیک بھی پیش کیا گیا۔مفاہمتی یادداشت پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور میزان بینک فیصل آباد کے ریجنل منیجر معظم سعید نے دستخط کیے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکیجز ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر عبدالغفور، فوکل پرسن ڈاکٹر سحر منیر، میزان بینک کے ریجنل کوآرڈینیٹر ندیم سہیل اور فوکل پرسن حذیفہ اختر بھی موجود تھے ۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ سائنسز میں قائم سینٹر آف اسلامک فنانس کے آپریشنز چلائیں گے ، جس کا مقصد طلبہ اور پیشہ ور افراد کو جدید علم اور مہارت سے آراستہ کرنا ہے ۔یہ سینٹر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر تعلیمی پروگرامز، پیشہ ورانہ تربیتی کورسز، ورکشاپس اور تحقیقی مواقع فراہم کرے گا۔