بارش ،سمبڑیال شہر کی خوبصورتی کیلئے نصب لائٹس خراب
شہریوں نے متعلقہ ٹھیکیداراورانجینئر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )ایک بارش نے ہی انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ، شہر کی خوبصورتی کیلئے لگائی جانے والے لائٹیں خراب، شہریوں نے متعلقہ ٹھیکیداراورانجینئر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کے احکامات کے مطابق شہروں کی خوبصورتی کے حوالے سے سمبڑیال شہر مین جی ٹی روڈ پر اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیر نگرانی نہر اپر چناب تا سمبڑیال موڑ تک تزئین وآرائش اورخوبصورت لائٹیں لگائی گئی تھیں لیکن گزشتہ روز ہونے والی بارش سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑگئی اوراکثر لائٹیں خراب ہوگئی ہیں جس کے باعث شہریوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹھیکیداراورانجینئرتصور نے مبینہ طورپر ملی بھگت کے ساتھ غیر معیاری لائٹیں لگا کر قومی خزانے کا ضیاع کیا ہے ،ایک طرف حکومت کفایت شعاری اپنانے کے دعوے کررہی ہے جبکہ دوسری طرف اس طرح کے کاموں کے ذریعے قومی خزانہ ضائع کیا جارہا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ، چیف سیکرٹری، کمشنر گوجرانوالہ سمیت اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار ،انجینئر اوراسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کے خلاف کار روائی کا مطالبہ کیا ہے ۔اس ضمن میں اسسٹنٹ کمشنر عدنا ن بشیر وڑائچ سے کوشش کے با وجود رابطہ نہ ہوسکا۔