کوٹ اسحاق، لدھیوالہ وڑائچ میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر، ابلتے گٹر، زندگی اجیرن
8 ماہ قبل نجی کمپنی کو ٹھیکہ ملنے کے بعد محلہ ٹینکی والا ،گلہ باٹھاں والا ،محلہ شکور والا، محلہ بیر والا اور کوٹ اسحاق کچرا کنڈ ی بن گئے ، سینٹری ورکرز ہر گھر سے پیسے لیتے ، صفائی نہیں کرتے : شہری
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کے علاقے کوٹ اسحاق ،لدھیوالہ سٹی کے محلہ ٹینکی والا ،محلہ باٹھاں والا ،محلہ شکور والا ،محلہ بیر والا ،حسنین سٹی میں ستھرا پنجاب پروگرام مکمل طور پر ناکام ہو گیا، گلی محلوں میں کوڑے کے ڈھیروں سے پورا علاقہ کچر ا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگا، ابلتے گٹروں اور سیوریج کے پانی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ پنجاب حکومت کے ستھرا پنجاب پروگرام نام پر 8ماہ قبل ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گوجرانوالہ نے میونسپل کمیٹی لدھیوالہ سے صفائی کیلئے کروڑوں روپے لے کر ٹھیکہ نجی کمپنی امپیریل وینچر کو دیدیا ، 8ماہ میں محلہ ٹینکی والا ،گلہ باٹھاں والا ،محلہ شکور والا محلہ بیر والا اور کوٹ اسحاق کوڑے کے ڈھیروں میں تبدیل ہوگئے ۔علاقہ مکینوں عطا الرحمن وڑائچ،نوید انور ،حافظ محسن رضا نے بتایا کہ کوڑے کے ڈھیروں اورناکارہ سیوریج لائنوں کی وجہ سے ابلتے گٹروں نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ۔لوگوں نے الزام عائد کیا کہ سینٹری ورکرز ہر گھر سے 200روپے ہفتہ لیتے ہیں اور صفائی بھی نہیں کرتے ،ڈپٹی کمشنر دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔