پنڈی بھٹیاں :دہشت کی علامت گروہ کا سرغنہ کالا ڈان گرفتار
بھائی گروپ نے نوجوان انعام الحق کو اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ، مقدمہ درج
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )علاقہ میں خوف اور دھشت کی علامت سمجھے جانے والے کالا ڈان کی قیادت میں بھائی گروپ نے ایک اور نوجوان کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، بھائی گروپ نے علاقہ میں پرتشدد کارروائیوں سے دھشت پھیلا رکھی ہے ۔ گزشتہ روز بھی نواحی گاؤں چوہدو بہادریکی کا نوجوان انعام الحق موٹر سائیکل پر گائوں سے نکلا تو حافظ آباد روڈ پر گھات لگا کر انتظار کرنے والے بھائی گروپ کے 10افراد کالا ڈان کی قیادت میں کھڑے تھے جنہوں نے انعام الحق پر تشدد کیا اور اغوا کر کے لے گئے ۔تھانہ صدر پولیس نے زخمی نوجوان کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے گینگ کے سرغنہ کالا ڈان کو گرفتار کرلیا ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس نے ایف آئی آر میں اغوا کی دفعات شامل نہیں کیں جس پر خدشہ ہے کہ گینگ کو ریلیف مل جائے گا۔