ایسٹر گزرنے کے با وجود عملہ صفائی کو تنخواہیں نہ ملیں
خوشیاں نہ منا سکے ،حکام نیا ٹھیکیدار آ نے پر ادائیگی کا کہہ رہے ہیں :متاثرین
موترہ(نامہ نگار )ڈسکہ میں ستھرا پنجاب کے ملازمین کو ایسٹر گزرنے کے باوجو د تنخواہیں نہ مل سکیں، میونسپل کمیٹی ڈسکہ کے تقریباََ104سینٹری ورکر زکو ستھرا پنجاب والوں کے حوالے کیاگیا ، انہیں ایسٹر کے موقع پر تنخواہیں نہ دی گئیں اور یقین دہانی کروائی گئی کہ ایسٹر گزر تے ہی تنخواہیں مل جائینگی مگر انہیں تنخواہیں نہیں ملیں۔سینٹری ورکروں نے ایسٹر بھی تنخواہوں کے بغیر ہی گزار ا اور اب پھر تنخواہوں کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں۔
ستھرا پنجاب کے ملازمین کا کہنا ہے کہ ہم نے ایسٹر سے پہلے ہی متعلقہ حکام کو اپیل کرناشروع کردی تھی کہ تنخواہیں دی جائیں تاکہ ایسٹر کی خوشیاں منا سکیں مگر یہ کہہ کر ٹرخاتے رہے کہ جلد تمہار ا کام ہوجائیگا اب تو ایسٹر بھی گزر گیا ہم نے جیسے تیسے گزار ا کرلیا مگر اب ایسٹر گزرنے کے بعد بھی تنخواہوں کیلئے خوار کیاجارہاہے۔ ،متعلقہ حکام صرف یہ کہہ کر ٹال رہے کہ ٹھیکہ تبدیل ہوگیا ہے جب کوئی نیا ٹھیکیدار آئیگا تو تنخواہیں مل جائینگی ۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب ’کمشنر گوجرانوالہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔