حافظ آباد:ریلوے لائن والے قبرستان میں کتوں کی بھرمار
حافظ آباد:ریلوے لائن والے قبرستان میں کتوں کی بھرمار فاتحہ خوانی کیلئے جانیوالے شہریوں پر حملے ،چار دیواری مکمل ، گیٹ لگانے کا مطالبہ
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر کے بڑے قبرستان ریلوے لائن والے کی ابتر حالت ، آوارہ کتوں اور نشئیوں نے ڈیرے جمالئے ، قبروں کا تقدس پامال ہونے لگا۔ قبرستان ریلوے لائن والاجو شہر کا قدیمی اور بڑاقبرستان ہے ،اس وقت ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی عدم توجہ کے باعث آوارہ کتوں کی آماجگاہ بن چکا ہے ۔یہاں پر ہمہ وقت آوارہ کتے قبروں پر گھومتے پھرتے دکھائی دیتے ہیں اوران آوارہ کتوں کی وجہ سے قبریں بھی مسمار ہورہی ہیں جبکہ ایک دوخطرناک جانوروں نے یہاں پر قبروں میں ہی بچوں کو بھی جنم دے رکھا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو اب قبرستان میں داخل ہوتے بھی خوف محسوس ہونے لگتاہے کیونکہ یہ آوارہ کتے نہ صرف قبرستان کے تقدس کو پامال کررہے ہیں بلکہ فاتحہ کے لئے جانے والے شہریوں پر حملہ کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ قبرستان کی چاردیواری جہاں جہاں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے وہاں سے اسے تعمیر کرواکے گیٹ لگوائے جائیں اور آوارہ کتوں کو فوری تلف کروا کر قبرستان کے تقدس کو پامال ہونے سے بچایا جائے ۔