بٹائی دار کاشتکاروں پر کھیت سے فصلیں اٹھانے پر پابندی

بٹائی دار کاشتکاروں پر کھیت سے فصلیں اٹھانے پر پابندی

بٹائی دار کاشتکاروں پر کھیت سے فصلیں اٹھانے پر پابندی پہلے متعلقہ زمیندار یا الاٹی کو مقررہ حصہ ادا کرکے رسید دینے کے پابند ہونگے :ڈپٹی کمشنر

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے ضلع بھر میں گندم اور ربیع کی دیگر فصلوں کی کٹائی کے سیزن کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے ۔ اس حکمنامے کے تحت بٹائی دار کاشتکاروں پر کھیت سے گندم یا دیگر ربیع کی فصلیں اٹھانے پر پابندی عائد کر دی گئی ، تمام بٹائی دار کاشتکار اس بات کے پابند ہوں گے کہ وہ فصل اٹھانے سے پہلے متعلقہ زمیندار یا الاٹی کو اس کا مقررہ حصہ ادا کریں اور ادائیگی کی باقاعدہ رسید مہیا کریں۔دفتر ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ ربیع کی فصل کی کٹائی کا عمل مئی تک جاری رہے گا اور اس دوران ایسے خدشات موجود ہیں کہ بٹائی دار کاشتکار زمیندار کا حصہ ادا کئے بغیر فصل اٹھا سکتے ہیں۔ اس طرح کے عمل سے فریقین کے مابین لڑائی جھگڑے ، انسانی جان و مال کو خطرہ اور ضلع میں نقصِ امن کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے جس کے سدباب کے لئے یہ قانونی پابندی عائد کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کے مطابق دفعہ 144 کا یہ حکمنامہ فوری طور پر نافذ العمل تصور ہوگا اور آئندہ دو ماہ تک برقرار رہے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں