حافظ آباد:سکولوں میں داخلہ مہم کا آ غاز ، 10 ہزار ہدف
حافظ آباد:سکولوں میں داخلہ مہم کا آ غاز ، 10 ہزار ہدف مستحق بچوں کو مفت یونیفارم ، شوز ، سٹیشنری اور دیگر اشیا فراہم کی جائینگی
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری سکولوں میں نئے بچوں کی داخلہ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔10ہزار نئے بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ داخلہ مہم کے سلسلہ میں پر وقار تقریب گورنمنٹ ڈبل سیکشن گرلزہائی سکول میں ہوئی ۔ سی ای او ایجو کیشن اکرم اشرف ، ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر سیکنڈری انور جاوید ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسرصدف خانم اور اشتیاق احمد سمیت سکول اساتذہ ، طلبا و طالبات اوروالدین تقریب میں شریک تھے ۔سرکاری سکولوں میں نئے داخل ہونے والے بچوں کو محکمہ تعلیم حکومت پنجاب کی جانب سے مفت کتابیں دی جائینگی جبکہ ڈسٹرکٹ ایجو کیشن اتھارٹی کی جانب سے ضلع کے تمام سرکاری سکولوں میں یونیفارم بینک قائم کئے گئے ہیں جس کے ذریعے غریب اور مستحق بچوں کو مفت یونیفارم ، سکول شوز ، سٹیشنری اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی جائینگی ۔