صحت مند معاشرہ کیلئے بیماریوں کیخلاف جہاد کرنا ہوگا :مقررین
صحت مند معاشرہ کیلئے بیماریوں کیخلاف جہاد کرنا ہوگا :مقررین طبیب کو بھی صحت کے تمام شعبوں و سکیمز میں جگہ دی جانی چاہیے :محمد احمد سلیمی ودیگر
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صدر نیشنل کونسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحت کے حوالے سے ایلو پیتھک، ہومیوپیتھک اور طب کے شعبے کام کر رہے ہیں اگر یہ تمام شعبے اتفاق و اتحاد کے ساتھ مل کر جیسے پوری قوم انڈیا کے خلاف جنگ میں متحد ہوئی ایسے ہی صحت کے تمام شعبہ جات کے ماہرین بیماریوں کے خلاف جہاد کریں تو پوری پاکستانی قوم مختلف امراض سے نہ صرف محفوظ رہ سکتی ہے بلکہ صحت مند پاکستانی معاشرہ کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طبیب کو بھی صحت کے تمام شعبوں و ہیلتھ سکیمز میں جگہ دی جانی چاہیے تاکہ طبیب کمیونٹی مختلف بیماریوں کے علاج میں اپنے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی بہترین خدمت کر سکیں، ہمیں سب سے پہلے اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے اور صحت کا تحفظ ہمارے گھر میں ہمارا کچن ہے ہمیں بطور طبیب اپنے مطالعہ کو بہتر بنانا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت کے عالمی دن کے حوالے سے سلطان طبیہ کالج و راجپوت میڈیکل کالج میں پاکستان طبی کانفرنس کے زیرِ اہتمام حکیم ضیا اللہ فتح گڑھی کی صدارت میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرحکیم ضیا اللہ فتح گڑھی ، محترمہ صائمہ زاہد ایم پی اے ، ڈاکٹر عادل زیب ڈی ایچ او ہیلتھ گوجرانوالہ نے بھی خطاب کیا۔