گڈز ٹرانسپورٹرز کا ٹیکسوں ،ناجائز چالانوں میں ریلیف کا مطالبہ

گڈز ٹرانسپورٹرز کا ٹیکسوں ،ناجائز چالانوں میں ریلیف کا مطالبہ

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں :چیئرمین عبدالقیوم

گوجرانوالہ( سٹی رپورٹر)معروف ٹرانسپورٹر چیئرمین گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن ضلع گوجرانوالہ چودھری عبدالقیوم ،سابق ضلع چیئرمین حافظ آباد رائے قمر زمان کھرل،چیف ایگزیکٹو الرحمن رائس ملز حاجی عطا الرحمن گورائیہ اور بائو بوٹا نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے پٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔ حکومت ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس سمیت موٹروے پولیس، ٹریفک پولیس کے ناجائز چالان میں ریلیف دے ، ملک کی نازک صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتیں ٹیکسز میں ریلیف دیں۔گڈز ٹرانسپورٹ سے متعلقہ تمام مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بکر منڈی شیخوپورہ روڈ کے سامنے قائم سپر پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے اڈے کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کشمیر روڈ فرید ٹائون کی معروف سماجی شخصیت میاں محمد ناصر،ممتاز صنعتکار رانا حسنین عظمت ، میاں ندیم نیو شبیر گڈز سیالکوٹ سمیت ممتاز سیاسی سماجی کاروباری شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سپر پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کے پروپرائٹرز میاں سلیم عرف ہیرا،ارشاد علی بٹ،نوید الرحمن گورائیہ،بائو عرفان ورک نے کہا کہ سپر پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ کمپنی کاروباری لوگوں اور اداروں کو ارزاں اور معیاری سروسز فراہم کرے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں