پٹرول پمپ مالکان کا ڈیلرز کے منافع میں اضافے کا مطالبہ
کم مارجنز کے باعث پٹرول پمپ انڈسٹری بحران کا شکار ہوتی جا رہی :ندیم عزیز خان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پاکستان پٹر ول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پٹرول پمپ ڈیلرز کے مارجنز میں فوری اضافہ کیا جائے کیونکہ موجودہ مہنگائی اور کم مارجنز کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے ۔سیکرٹری اطلاعات ندیم عزیز خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے نہ صرف عوام بلکہ ڈیلرز کو بھی شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے ، کم مارجنز کے باعث پٹرول پمپ انڈسٹری بحران کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور کاروبار جاری رکھنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرے اور ڈیلرز کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ انڈسٹری 24گھنٹے عوام کو خدمات فراہم کرتی ہے ، اس لیے اسے نظر انداز نہ کیا جائے ۔ندیم عزیز خان نے مزید کہا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز میں کمی کر کے قیمتوں کو کم کرے تاکہ عوام کو بھی ریلیف مل سکے ۔ انہوں نے زور دیا کہ وعدوں کےا بجائے فوری عملی اقدامات کئے جائیں اور ڈیلرز مارجن میں اضافہ کیا جائے تاکہ یہ کاروبار جاری رہ سکے ۔