کنڈن سیان میں مسجد کے اطراف کوڑا کر کٹ کے ڈھیر

کنڈن سیان میں مسجد کے اطراف کوڑا کر کٹ کے ڈھیر

کئی ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کے با عث کام جاری نہیں رکھ سکتے :عملہ صفائی

ہیڈبمبانوالہ (نامہ نگار )کنڈن سیان میں واقع مسجد اہلحدیث رضوان اکرم کے اطراف میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ،گلیوں اور سڑک کے کناروں پر پڑے کچرے سے نہ صرف تعفن پھیل رہا ہے بلکہ نمازیوں کو بھی مسجد آمد و رفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی شہریوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ اداروں کو شکایات درج کرانے کے باوجود صفائی کا کوئی موثر انتظام نہیں کیا جا سکا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں گندگی کے باعث بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ دوسری جانب ستھرا پنجاب پروگرام کے صفائی عملے کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کی جانب سے کئی ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں جس کی وجہ سے وہ صفائی کے فرائض سرانجام دینے سے قاصر ہیں۔ عملے نے موقف اختیار کیا کہ جب تک واجبات کی ادائیگی نہیں کی جاتی کام جاری رکھنا ممکن نہیں۔ شہریوں نے ضلعی وتحصیل انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسجد اور رہائشی علاقے کے اردگرد فوری صفائی کرائی جائے اور عملے کے مسائل بھی حل کئے جائیں تاکہ صفائی کا نظام بحال ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں