کولو روڈ پرڈسپوزل کی موٹریں خراب، گلیوں میں پا نی جمع
بجلی محلہ، ٹیچرز کالونی، علی پورروڈ، سراج گنج کے علاقوں میں گٹر ابلنے لگے
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں کولوروڈ پر واقع ڈسپوزل ورکس کی پانی کھینچنے والی موٹروں کی خرابی اور نہ چلنے کے باعث شہر کے متعدد گلی محلے گندے پانی میں ڈوب کر جوہڑ بن گئے ۔ کولوروڈ پر واقع ڈسپوزل ورکس کی موٹریں نہ چلنے کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقہ جات جن میں بجلی محلہ، ٹیچرز کالونی، علی پورروڈ، سراج گنج ،گلہ سابق ملک اسلم سابق چیئرمین بلدیہ والہ سمیت شامل ہیں یہاں کئی روز سے نہ صرف گٹرابل رہے ہیں بلکہ گلیوں میں گنداپانی کھڑاہونے سے مسلسل تعفن پھوٹ رہاہے جس پرشہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسپوزل ورکس کی موٹریں جان بوجھ کر تیل کو خورد برد کرنے کے لئے نہیں چلائی جاتیں جس کی وجہ سے شہر کے خوبصورت علاقے جوہڑوں میں تبدیل ہوکر وزیر اعلیٰٰ مریم نواز کے ستھراپنجاب پروگرام کا منہ چڑارہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ڈسپوزل ورکس کی موٹریں دن رات چلا کر تمام علاقوں میں کھڑا پانی فوری نکلوایا جائے ۔