ایم این اے بلال تارڑ کی ماہانہ بیٹھک ، عوامی عدم دلچسپی

ایم این اے بلال تارڑ کی ماہانہ بیٹھک ، عوامی عدم دلچسپی

شہریوں کی شرکت نہ ہونے کے برابر ، مخصوص افراد کی تصویر ی سرگرمیاں نمایاں

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )میونسپل کمیٹی کے دفتر میں منعقد ہونے والی حلقہ این اے 66 کے رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ کی ماہانہ بیٹھک میں عوام کی عدم دلچسپی نمایاں طور پر سامنے آ گئی ۔ میونسپل کمیٹی میں ہونے والی اس نشست میں عام شہریوں کی شرکت نہ ہونے کے برابر رہی جبکہ چند مخصوص افراد کی موجودگی اور تصویری سرگرمیاں نمایاں دکھائی دیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ بیٹھکیں بظاہر عوامی مسائل کے حل کیلئے ہوتی ہیں تاہم عملی طور پر ان میں نمائشی پہلو زیادہ نظر آتا ہے جس کے باعث لوگوں نے شرکت کم کر دی ۔ شہریوں کے مطابق بلدیہ آفس میں منعقد ہونے والی ان ماہانہ نشستوں میں اکثر مخصوص افراد کی ریل پیل ہوتی ہے جہاں پوائنٹ سکورنگ اور تصاویر بنانے کا رجحان غالب رہتا ہے جبکہ اصل مسائل لے کر آنے والے سائلین پیچھے رہ جاتے ہیں۔ بعض شہریوں نے شکایت کی کہ چند افراد کی جانب سے ایسا ماحول بنا دیا جاتا ہے جس میں عام شہری کو آگے بڑھنے اور اپنی بات کرنے میں دشواری کا سامنا ہوتا ہے ۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ حقیقی مسائل کا شکار طبقہ ان نشستوں میں نمائندگی سے محروم دکھائی دیتا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان بیٹھکوں کو محض رسمی کارروائی یا تصویری سرگرمیوں تک محدود رکھنے کے بجائے حقیقی معنوں میں عوامی مسائل کے حل کا ذریعہ بنایا جائے ، سائلین کو عزت اور سہولت فراہم کی جائے اور ایک شفاف، کھلا اور عوام دوست نظام متعارف کر ایا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں