قوم شہدا ، غازیوں کی قربانی فراموش نہیں کر سکتی :حامدرضا
ملکی سلامتی، استحکام اور قومی وقار کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )الیکٹرانک میڈیا رپورٹر ایسوسی ایشن (ایمرا)حافظ آباد کے زیر اہتمام ‘‘معرکہ حق، بنیانِ مرصوص’’ کی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت صدر ملک حامد رضا نے کی جبکہ چیئرمین چودھری امتیاز احمد تاج، سرپرستِ اعلیٰ رانا محمد ارشد انجم، جنرل سیکرٹری حافظ عزیز الرحمن سمیت دیگر عہدیدار بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔اجلاس میں پاک افواج کی معرکہ حق، بنیانِ مرصوص میں شاندار کامیابی، بے مثال جرأت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔صدر ملک حامد رضا کا کہنا تھاکہ یہ معرکہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ قومی اتحاد، غیرتِ ایمانی، حب الوطنی اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی روشن علامت ہے جس نے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر یہ ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کا دفاع مضبوط اور محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔انھوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں، شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی جنہوں نے وطن عزیز کے تحفظ، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ملکی سلامتی، استحکام اور قومی وقار کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔