سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کیخلاف مقدمہ کے اندراج کا ڈراپ سین

 سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کیخلاف مقدمہ کے اندراج کا ڈراپ سین

سی پی او نے وکلا کے مطالبات تسلیم کر لئے ، ڈی ایس پی ٹریفک کیخلاف کارروا ئی کا حکم

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری کے خلاف مقدمہ کے اندراج کا ڈراپ سین ہو گیا ، سی پی اوگوجرانوالہ نے وکلا کا اصولی موقف اور تمام مطالبات تسلیم کر لئے اور ڈی ایس پی ٹریفک ذیشان ملک کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا ،مصالحت کروانے میں فاضل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کلیدی کردار ادا کیا بعد ازاں وکلا نے گوجرانوالہ سمیت ڈویژن بھر کی عدالتوں کا بائیکاٹ ختم کر دیا۔ یاد ر ہے کہ دوران ہڑتال سیشن کورٹس اور جوڈیشل کمپلیکسز گوجرانوالہ میں سارا دن پولیس کا داخلہ بند رہا۔ مصالحت کے بعد ڈسٹرکٹ بار نے ہڑتال موخر کرنے کا اعلان کر دیا ۔ گزشتہ روز ڈ سٹرکٹ بار گوجرانولہ کے جنرل سیکرٹری حق نواز ہنجرا کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹائون میں مقدمہ کے اندراج کے خلاف گوجرانوالہ ،سیالکوٹ،نارووال سمیت ڈویژن بھر کی ضلعی اور تحصیل عدالتوں میں وکلا نے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جس سے جوڈیشل نظام تعطل کا شکار ہو کر رہ گیا۔

ہزاروں مقدمات میں جوڈیشل افسر وں کو آئندہ کے لئے تاریخیں ڈالنا پڑیں ۔ وکلا نے احتجاجی ریلی نکالی اور کچھ دیر کے لئے سیالکوٹ روڈ بھی بلاک کئے رکھی ۔ ریجن بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کے دوران وکلا رہنماؤں کے بیک ڈور رابطے بھی جاری رہے جس کے بعد سی پی او غیاث گل خان سیشن کورٹ آئے اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سے ملاقات کی جس میں صدر بار فرحان علی خان اور جنرل سیکرٹری چودھری حق نواز ہنجرا نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ بار کی پریس ریلیز کے مطابق سی پی او نے وکلا کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے ڈی ایس پی ٹریفک ذیشان احمد ملک کے خلاف محکمانہ و تادیبی کارروائی کا حکم دیا ۔ صدر بار رانا فرحان علی خان نے میڈیا کو بتایا فی الحال ہڑتال کو موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،آئندہ کا لائحہ عمل حالات و واقعات کے مطابق ترتیب دیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں