عید پرصفائی ،عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم
شاہراہوں، عیدگاہوں کے راستوں کو عرق گلاب اور فینائل سے دھویا جائے :ڈی سی
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلع بھر میں صفائی اور عوامی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا ۔عیدالاضحیٰ آپریشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کا جامع پلان تشکیل دیا جا چکا ہے جس پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس، میونسپل کمیٹیوں، واسا اور ستھرا پنجاب ایجنسی (جی ڈبلیو ایم سی )کے افسر وں و عملے کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے عوام کو بہترین خدمات فراہم کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عید کی نماز سے قبل اہم شاہراہوں، عیدگاہوں کے راستوں اور دیگر نمایاں مقامات کو گلاب کے عرق اور فینائل سے دھویا جائے تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور صاف ماحول میسر آ سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کیلئے قائم کئے جانے والے کیمپ مرکزی شاہراہوں اور گنجان آباد رہائشی علاقوں سے دور قائم کئے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔