ٹوبہ :سبزی و فروٹ منڈی کی خستہ حالی، تاجروں کو مشکلات
بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری ماحول متاثر ہو رہا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )سبزی و فروٹ منڈی کا مرکزی آکشن پلیٹ فارم جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے جبکہ داخلی اور خارجی راستوں کی سڑکیں بھی خستہ حالی کی تصویر پیش کر رہی ہیں۔ منڈی میں صفائی کی ابتر صورتحال کے باعث جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جس سے تاجروں، کاشتکاروں اور خریداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔آڑھتیوں اور تاجروں کے مطابق روزانہ سینکڑوں افراد منڈی کا رخ کرتے ہیں تاہم بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کاروباری ماحول متاثر ہو رہا ہے۔
ٹوٹے ہوئے آکشن پلیٹ فارم پر نیلامی کے دوران مزدوروں اور کسانوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ بارش کی صورت میں صورتحال مزید خراب ہو جاتی ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ اگرچہ منڈی انتظامیہ کے افسران وقتاً فوقتاً دورے کرتے ہیں تاہم مسائل کے مستقل حل کیلئے عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔ داخلی و خارجی راستوں پر گڑھوں کے باعث مال بردار گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہو رہی ہے ۔