گجرات:حراست سے فرار 3ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
شہباز، زبیر اور حسنین رابری اور چوری کی 24وارداتوں میں مطلوب تھے
گجرات(سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )پولیس حراست سے فرار ہونے والے 3 خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں دوبارہ گرفتار کرلئے گئے ، ضلع بھر میں فوری ناکہ بندی اور سرچ آپریشن، فرار ملزموں کا سراغ لگا لیا گیا، فرار ملزمان شہباز، زبیر اور حسنین مختلف مقامات سے زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ،ملزمان ڈکیتی، رابری اور چوری کی 24 سے زائد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے ، فرار ملزمان کو ڈنگہ، کراڑیوالہ اور ککرالی کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزمان کو علاج معالجہ کے لیے سخت سکیورٹی میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ ڈی پی او گجرات نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی بھرپور کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں ، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت یا نرمی نہیں برتی جائے گی۔