عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رہیگی :ڈاکٹر طارق
عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہیں،پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہونا چا ہیے
گجرات(سٹی رپورٹر،نامہ نگار )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے بھمبرآزاد جموں کشمیر قانون سازاسمبلی کے الیکشن کے سلسلے میں حلقہ ایل اے 7بھمبرسے امیدوار انجینئر راجہ حافظ عبدالستار کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں اکٹھ میں شرکت کی اس موقع پرکارکنوں ، سپوٹرز،ووٹراوراہالیان حلقہ کی کثیرتعداد موجود تھی، شرکاسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ مرکزی امیرحافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کی مہنگائی اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں اضافے کے خلاف تحریک بڑی قوت بن چکی ہے ،عوامی مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی آزاد جموں کشمیرالیکشن میں بھی بھرپورحصہ لیتے ہوئے تمام نشستوں پراچھی شہرت کے حامل مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی،ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کیلئے عوامی مفاد پر مبنی معاشی پالیسیوں، بااختیار بلدیاتی نظام کے نفاذ، شفاف حکمرانی اور کرپشن کے خاتمے کی ضرورت ہے اور جماعت اسلامی ان مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
جماعت اسلامی عوامی خدمت، فلاحی سرگرمیوں اور دینی و سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں ہمیشہ صف اول میں رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل مسلسل جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے اور معاہدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ امریکہ پوری طرح اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے ۔ انسانی حقوق کے لیے احتجاج کرنے والوں کو مختلف طریقوں سے دبایا جاتا ہے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 22 روپے نہیں بلکہ فوری طور پر 122 روپے کمی کی ضرورت ہے ،عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس لئے عوام کو بھی مکمل ریلیف ملنا چا ہیے ، پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ ہونا چا ہیے ، حکومت پٹر ول کی قیمت کو 250 روپے فی لٹر کی سطح پر بحال کرے ۔