لالہ موسیٰ بائی پاس کیلئے 30ارب روپے کی گرانٹ منظور
وزیر اعظم شہباز شریف سے رکن قومی اسمبلی نصیر عباس کی بیٹے کیساتھ کی ملاقات
گجرات،لالہ موسیٰ (سٹی رپورٹر ، نمائندہ دنیا )وزیر اعظم شہباز شریف کیساتھ رکن قومی اسمبلی نصیر عباس سدھو کی ملاقات ، وزیر اعظم نے نصیر عباس سدھو کے مطالبہ پر آمدہ قومی بجٹ میں لالہ موسیٰ بائی پاس کیلئے 30 ارب روپے گرانٹ کی منظوری دی ، نصیر عباس سدھو کے صاحبزادے بیرسٹر احمد شاہ میر بھی ملاقات میں شریک تھے ۔لالہ موسیٰ بائی پاس کے منصوبہ کے حوالے سے دستیاب معلومات کے مطابق محکمہ نیشنل ہائی وے منصوبہ مکمل کریگا جس کا ابتدائی تخمینہ 30ارب لگایا گیا ہے ،گجرات جی ٹی روڈ کلیوال سیداں کے قریب اپ جبکہ لالہ موسیٰ جی ٹی روڈ علی چک کے قریب ڈائون فلائی اوورز تعمیر ہونگے ،گنجہ ،ڈلہ ،دھامہ ،چکوڑی شیر غازی پھاٹک پر اوور ہیڈ برج بنیں گے ۔کلیوال سیداں سے شروع ہونے والی بائی پاس روڈ علی چک کے قریب جی ٹی روڈ پر آئے گی جس سے جی ٹی روڈ دلانوالہ ،ڈنگہ جوڑا کرنانہ ،گنجہ نونانوالی روڈ ،علی چک ٹھیکریاں روڈ ،رنگ روڈ کی صورت اختیار کر لیں گی ،لالہ موسیٰ تا ڈنگہ ایک گھنٹے سے زائد کی مسافت 15منٹ میں طے ہو گی ،رنگ روڈ سے جہاں لالہ موسیٰ شہر کو ہیوی ٹریفک دبائوسے نجات ملے گی وہاں بائی پاس روڈ کے دونوں اطراف کے دیہات میں نئے کاروبار شروع ہو سکیں گے ۔