علی پور:سکول طالبہ 4روز سے لاپتہ ‘والدین غم سے نڈھال

علی پور:سکول طالبہ 4روز سے لاپتہ ‘والدین غم سے نڈھال

14سالہ عیشا کوثر سوار کو چھٹیوں کا کام لینے سکول گئی اور گھر واپس نہ پہنچ سکی پو لیس کی جانب سے مختلف پہلوئوں پر تفتیش ،تلاش کیلئے اقدامات تیز کر دئیے

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )4 روز سے لاپتہ 14سالہ طالبہ کا سراغ نہ مل سکا، والدین غم سے نڈھال ہیں ، پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا جبکہ بچی کی تلاش کیلئے اقدامات تیز کر د ئیے گئے ۔محلہ پرانا تالاب کی رہائشی 14 سالہ عیشا کوثر سوموار کی صبح اپنے گھر سے گورنمنٹ ہائی سکول میں تعلیمی کام لینے کیلئے گئی تھی تاہم اس کے بعد وہ گھر نہ پہنچ سکی۔ اہلخانہ نے ابتدا میں اپنے طور پر عزیز و اقارب اور مختلف مقامات پر تلاش کیا لیکن کوئی سراغ نہ ملنے پر پولیس سے رجوع کیا گیا۔طالبہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ عیشا کوثر کی والدہ بیٹی کی جدائی میں غم سے نڈھال ہیں۔آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری بیٹی صبح سکول گئی تھی ہمیں کیا معلوم تھا کہ وہ واپس نہیں آئے گی ،4 دن گزر گئے ہیں، دن کو سکون ہے اور نہ رات کو نیند آتی ہے ، میری بیٹی جہاں بھی ہے ، اللہ اسے اپنی حفاظت میں رکھے اور جلد ہمارے پاس واپس لے آئے ۔ اس حوالے سے تفتیشی افسر سب انسپکٹر محمد عمران نے بتایا کہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ،انہوں نے کہا کہ بچی کی تصاویر مختلف اضلاع اور تھانوں کو ارسال کر دی گئی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہر ممکن زاویے سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔سب انسپکٹر نے یقین دہانی کرائی کہ پولیس ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی طالبہ کے بارے میں اہم پیش رفت سامنے آئیگی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں