حکومت کی گندم پالیسی مکمل ناکام ہو گئی :کسان بورڈ
بجلی ،ڈیزل ، کھاد پر ٹیکس کم کئے جائیں تو زرعی انقلاب لاسکتے ہیں :رہنما
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )کسان بورڈ پاکستان کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین خان نے ضلعی سیکرٹریٹ میں کسانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت حالیہ بجٹ میں زرعی ضروریات بجلی تیل کھاد پر بھاری ٹیکس میں نمایاں کمی کے علاوہ زرعی تحقیق کیلئے خصوصی فنڈز مہیا کرے تو کسان ایک سال میں زرعی انقلاب لا کر ملکی معیشت کو آئی آئی ایم ایف کے دباؤ سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا حکومت نے گندم کی خریداری سے صاف انکار کر کے جہاں کسانوں کو شدید محرومی سے دوچار کیا ہے وہاں اب جگہ جگہ چھاپے مار کر گندم برآمد کرنے پر مجبور ہو رہی ہے جو زرعی پالیسی کی مکمل ناکامی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں پیداواری لاگت کم اور زرعی اجناس کی قیمتوں میں منصفانہ اضافہ کے ساتھ زرعی تحقیق کو پوری اہمیت دینے کی ضمانت دی جائے ۔ اجلاس میں جوریاں راجباہ کی مرمت نہ ہونے سے 60 فیصد موہگوں کے کسانوں کو پانی سے محرومی پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی پر زور دیا گیا کہ وہ راجباہ کی فوری صفائی اور مرمت کر ائے ۔ اجلاس سے مرکزی نائب صدر امان اﷲ چٹھہ چیئرمین ملک شوکت علی پھلروان نے بھی خطاب کیا۔