سیالکوٹ :محرم کی مناسبت سے ایمرجنسی کوریج پلان مرتب
اہم مجالس ، امام بارگاہ و جلوسوں میں ریسکیو 1122میڈیکل کوریج فراہم کریگا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ریسکیو1122نے ماہ محرم کی مناسبت سے ایمرجنسی کوریج پلان مرتب کر لیا۔ انجینئر نوید اقبال نے کہا ہے کہ ماہ محرم میں ہونے والی اہم مجالس ، امام بارگاہ و جلوسوں میں ریسکیو 1122میڈیکل کوریج فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ ریسکیو 1122نے محرم الحرام کے ماہ میں ہونے والی مجالس و جلوس کی کوریج کیلئے ایمرجنسی کوریج پلان کو حتمی شکل دے دی جس کے مطابق ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں اہم امام بارگاہوں و مجالس اور نکالے جانے والے جلوسوں میں ریسکیو ایمرجنسی کوریج مہیا کرے گا تا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں میڈیکل موبائل ٹیمیں بھی تیار کر دی ہیں جو جلوسوں کو میڈیکل کوریج مہیا کریں گی۔ اس تناظر میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ملکر چاروں تحصیلوں کی مختلف اہم امام بارگاہوں میں ہنگامی صورتحال سے نمبر دآزما ہونے کے لیے فرضی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیاہے جس میں ریسکیو1122کیساتھ سول ڈیفنس، سپیشل برانچ، پولیس اور ایلیٹ کے جوانوں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ دس محرم کی مناسبت سے نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔