عقیدت مندوں کو جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کا فراڈ
مچھرانوالی کے فضل عباس پر امانت میں خیانت کے دو مقدمات کا اندراج
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر)عقیدت مندوں کو جھانسہ دے کر لاکھوں روپے کے مبینہ فراڈ کا انکشاف ہوا ہے ۔ بتایاگیا ہے کہ تھانہ کوٹ لدھاکے علاقہ مچھرانوالی کے رہائشی فضل عباس کے خلاف مبینہ فراڈ اور امانت میں خیانت کے الزامات پر دو الگ الگ مقدمات درج کر لئے گئے دونوں مقدمات میں مدعیوں نے لاکھوں روپے ، چیک اور زیورات ہتھیانے کے الزامات عائد کئے ہیں ۔ تھانہ کوٹ لدھا میں ساجد حسین کی مدعیت میں درج ایف آئی آر کے مطابق فضل عباس تعویذات کا کام کرتا تھا ملزم نے مبینہ طور پر اہلیہ کے ساتھ مل کر ساجد حسین کی بیوی کو مختلف خدشات سے ڈراتے ہوئے قائل کیا کہ وہ اپنی رقم ، چیک اور زیورات بطور امانت ان کے پاس رکھ دے ۔
مدعی کے مطابق اس کی بیوی نے 3 لاکھ روپے ، 7 لاکھ روپے کے دو چیک اور سوا چار تولے طلائی زیورات ملزم کے پاس امانتاً رکھوائے ، بعد ازاں واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزم نے سامان واپس نہ کیا اور دھمکیاں دیں۔ دوسرا مقدمہ محمد عبداللہ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے اپنی فروخت شدہ زمین کی رقم میں سے 36 لاکھ روپے بطور امانت ملزم کے سپرد کئے تھے ایف آئی آر کے مطابق بعد ازاں رقم واپس مانگنے پر ملزم نے مبینہ طور پر بتایا کہ یہ رقم اپنے ایک رشتہ دار کے کاروبار میں لگا دی ہے اور واپس کرنے سے انکار کر دیا۔پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔دوسری جانب مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مزید شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔