تتلے عالی:ناجائز تعلقات کے شبہ پر بیوی کو قتل کر دیا
امجد نے 45سالہ نگہت کو تیز دھار آ لے سے موت کے گھاٹ اتارا ، گرفتاری دیدی
تتلے عالی ،نوشہرہ ورکاں (نامہ نگار ،تحصیل رپورٹر، نمائندہ دنیا )ناجائز تعلقات کے شبہ پر خاوند نے بیوی کو قتل کر دیا ۔بتایاگیا ہے کہ تھانہ تتلے عالی کے علاقہ اسماعیل ٹاؤن میں خاوند نے مبینہ طور پر ناجائز تعلقات کے شبہ میں بیوی کو تیز دھار آلے کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق 45سالہ نگہت بی بی پر اس کے خاوند امجد علی نے کزن کے ساتھ مبینہ ناجائز تعلقات کے شبہ میں طیش میں آکر تیز دھار آلے سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں خاتون کے بائیں ابرو، رخسار اور گردن پر گہرے زخم آئے ، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ واقعہ کے بعد ملزم امجد علی خود تھانے پہنچ گیا اورگرفتاری پیش کر دی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتال نوشہرہ ورکاں منتقل کر دیا،پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کرواقعہ کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دیں۔