ایل پی جی گھریلو سلنڈر 6500 روپے میں بکنے لگا
پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ڈیلرز نے نرخ آسمان پر پہنچا د ئیے
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مہنگائی کا جن بے قابو، ایل پی جی گھریلو سلنڈر پہلی بار 6500 روپے کی بلند ترین قیمت تک فروخت ہونے لگا، عوام کا کوئی پرسان حال نہ رہا، احتجاج کی صدائیں بلند ہونے لگیں۔ شہر اور گردونواح کے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکمران طبقہ اپنی عیش و عشرت اور سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے جبکہ مہنگائی مافیا عوام کو کھلے عام لوٹنے میں مصروف ہے ۔
بازاروں میں ناپ تول میں کمی معمول بن چکی ہے اور متعلقہ ادارے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیا سے لے کر ایندھن تک ہر شعبے میں منافع خور عناصر کو کھلی چھوٹ ہے ۔خاص طور پر ایل پی جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر ایل پی جی ڈیلرز نے نرخ آسمان پر پہنچا د ئیے ہیں۔ شہریوں کے مطابق گھریلو استعمال کا سلنڈر پہلی مرتبہ 6 ہزار سے 6500 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ متعدد صارفین کم وزن سلنڈر فراہم کیے جانے کی شکایات بھی کر رہے ہیں۔