لدھیوالہ وڑائچ:سینٹری ور کرز پر صفائی کے عوض رقم کے الزامات

 لدھیوالہ وڑائچ:سینٹری ور کرز پر صفائی کے عوض رقم کے الزامات

پیسے نہ دیں تو اٹھایا گیا کوڑا واپس پھینک کر چلے جاتے ہیں : شہری ،کارروا ئی کا مطالبہ

لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک (نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )عالم چوک لدھیوالہ کوٹ اسحاق میں ستھرا پنجاب پروگرام کے سینٹری ورکرز پر صفائی کے عوض تاجروں اور گھروں سے رقم لینے کے الزامات سامنے آنے لگے ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جہاں تاجروں کو سینٹی ٹیشن بل بھجوائے جا رہے ہیں وہیں حافظ آباد روڈ کے تاجروں نے الزام عائد کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی لدھیوالہ کی حدود میں صفائی کا کنٹریکٹ لینے والی کمپنی امپیریل وینچر کے سینٹری ورکرز جب کوڑا اٹھانے آتے ہیں تو وہ پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ ایک جانب حکومت سینی ٹیشن (صفائی )کے بل بھیج رہی ہے دوسری جانب سینٹری ورکرز کو بھی پیسے دینے پڑتے ہیں اگر سینٹری ورکرز کو خرچ دینے سے انکار کر دیں تو وہ ہفتہ ہفتہ کوڑا نہیں اٹھاتے ، گلی محلوں کی صفائی کے حوالے سے لوگوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کی صفائی صرف حافظ آباد روڈ تک محدود ہے کیونکہ وہاں سے افسروں اور سیاست دانوں نے گزرنا ہوتا ہے جبکہ گلی محلوں میں عوام رہتے ہیں اس لئے گلی محلوں کی صفائی نہ ہونے کے برابر ہے اور اگر کبھی سینٹری ورکرز بھول کر گلیوں کی صفائی کرنے آ جاتے ہیں تو وہ ہر گھر کے دروازے پر دستک دے کر پیسے مانگتے ہیں اور اگر کوئی انہیں سو دو سو روپے نہ دے تو اٹھایا گیا کوڑا واپس پھینک کر چلے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سینٹری ورکرز تنخواہ بھی لے رہے ہیں اور عوام سے اضافی رقم بھی وصول کر رہے ہیں۔ تاجروں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے مطالبہ کیا کہ شکایات کی فوری تحقیقات کی جائیں اور صفائی کا کنٹریکٹ لینے والی کمپنی کیخلاف کارروائی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں