وزیرآباد:نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا حکم
واسا حکام کی ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو جاری کاموں پر بریفنگ
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر نوید احمد کی واسا آفس آمد، مون سون کی تیاریوں اور واسا کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیر زادہ کی صدارت میں واسا مرکزی آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انہوں نے واسا کی مون سون کے سلسلہ میں تیاریوں اور واسا کی رواں ماہ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی واسا علی حسنین مغل اور ڈی ایم ڈی واسا عثمان گھمن نے انہیں شہر اور گردونواح میں نکاسی آب کو بہتر بنانے کیلئے جاری کاموں پر بریفنگ دی اور بتایا کہ واسا کے ورکرز ہیوی مشینری کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں سے گزرنے والے نالوں اور سیوریج مین ہولز کی صفائی کر رہے ہیں تا کہ مون سون میں بارشی پانی فوری طور پر نکل جائے اور کہیں پر بھی نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکنہ کام ہنگامی بنیادوں پر کیا جائے تا کہ بارشوں سے عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے تاکید کی مین ہولز کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور کسی مین ہول کا یا نالے کا ڈھکن غائب نہ ہو ۔