الفتح گرائونڈ میں کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم

الفتح گرائونڈ میں کمرشل سرگرمیاں ختم کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے پیپلز کالونی کے پارک میں دکانوں، ہٹس کی تعمیر غیر قانونی قرار دیدی ،پارک کی اصل شکل میں بحالی ،تفریحی سہولیات محفوظ رکھنے کی ہدایت

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے گوجرانوالہ کی معروف رہائشی سکیم پیپلز کالونی کے الفتح گراؤنڈ پارک میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی جانب سے دکانوں کی تعمیر اور تجارتی سرگرمیوں کو مکمل طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کمرشلائزیشن کا منصوبہ ختم کرنے کا حکم دے دیا ، عدالتِ عالیہ نے پارک کو فوری طور پر اصل شکل میں بحال کرنے اور عوامی تفریحی و کھیلوں کی سہولت کے طور پر محفوظ رکھنے کیلئے ہدایت کر دی۔ درخواست گزار شہری شہزاد مغل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الفتح گراؤنڈ پارک عوامی فلاح، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کیلئے مختص ہے تاہم متعلقہ اداروں نے پارک کی باؤنڈری وال مسمار کر کے وہاں دکانیں اور ہٹس تعمیر کرنے کیلئے اقدامات شروع کر د ئیے ہیں جو نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ عوامی مفاد اور ماحولیات کے بھی منافی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جاوید اقبال وینس نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران پی ایچ اے گوجرانوالہ کے قانونی مشیر نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ الفتح گراؤنڈ پارک میں مجوزہ کمرشل دکانوں اور ہٹس کی تعمیر سے متعلق تمام منظوریاں اور احکامات واپس لئے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ایجنسی گوجرانوالہ نے عدالت میں باقاعدہ رپورٹ اور حلف نامہ جمع کرایا جس میں تصدیق کی گئی کہ کمرشل ہٹس کی تعمیر کا کام مکمل طور پر روک دیا گیا ہے ، موقع پر کوئی تعمیراتی سرگرمی جاری نہیں اور کمرشلائزیشن کا یہ منصوبہ مستقل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

جسٹس جاوید اقبال وینس نے رپورٹ اور حلف نامے کی روشنی میں درخواست کو نمٹاتے ہوئے حکم دیا کہ الفتح پارک سے تمام غیر قانونی سرگرمیوں اور تعمیرات کو فوری ختم کر کے پارک کو اصل شکل و حالت میں بحال کیا جائے ،الفتح پارک میں آئندہ کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی نہیں ہوگی اور ایسی کسی بھی کوشش کو توہینِ عدالت کے زمرے میں لایا جائیگا۔ ہائیکورٹ نے پی ایچ اے کو حکم دیا ہے کہ مجوزہ کمرشلائزیشن منصوبے اور دکانوں کے سلسلے میں کسی بھی بولی دہندہ سے وصول کی گئی رقم یا ایڈوانس فوری طور پر اصل حالت میں واپس کی جائے ۔عدالت نے انتظامیہ کو پابند کیا کہ قانون کے مطابق پارک کی مناسب دیکھ بھال، صفائی ستھرائی اور تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی تفریحی سہولت برقرار رہے ۔ گوجرانوالہ کے شہریوں ، کھیلوں کی تنظیموں اور سماجی رہنماؤں نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ماحولیات کے تحفظ، عوامی مفاد اور کھیلوں کے فروغ کیلئے تاریخی فتح قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں