کمشنر کا حافظ آ باد میں امام بارگاہوں ،جلوس روٹس کا دورہ
امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات، ڈسٹرکٹ ہسپتال بھی گئے
حافظ آباد (نا مہ نگار ،نمائندہ دنیا )کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے حافظ آباد کی مختلف امام بارگاہوں،محرم الحرام کے جلوسوں کی گزر گاہوں اور شہر کے اہم مقامات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی سمیت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق،ڈی پی او فواد احمد،اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری،اے سی پنڈی بھٹیاں محسن اقبال ڈھلوں اور دیگر افسر بھی کمشنر کیساتھ تھے ۔کمشنر نے امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی۔ علاوہ ازیں کمشنر نے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال، واسا ڈسپوزل سٹیشن اور شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کر تے ہوئے بیوٹی فکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے لیبارٹری،ڈائلسزسنٹر،شعبہ ایمر جنسی سمیت دیگر شعبہ جا ت کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علاج معالجہ کی سہولیات، مفت ادویات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کسوکی روڈ پر واسا ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب کے کاموں، ضروری مشینری اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ہدایت کی کہ مون سون سیزن سے قبل نکاسی آب اور صفائی ستھرائی کے تمام انتظامات کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے تا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی جگہ نکاسی آب کے مسائل پیدا نہ ہوں۔