حافظ آباد:بجلی چوری پر کارروا ئی ، ڈیفالٹرز کے کنکشن منقطع
بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں اور نادہندگان سے ریکوری ناگزیر ہے :گیپکو چیف
حافظ آباد (نا مہ نگار ،نمائندہ دنیا )پنجاب بھر کی طرح حافظ آباد میں بھی بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ اس سلسلے میں سب ڈویژن نمبر 2 کے ایس ڈی او محمود جمیل نے ٹیم کے ہمراہ خصوصی آپریشن کرتے ہوئے بجلی چوری میں ملوث متعدد افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بجلی چوری میں ملوث صارفین کے خلاف مقدمات درج کر ائے گئے جبکہ کئی افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ اسی طرح بڑے نادہندگان کے بجلی کنکشن منقطع کئے گئے اور ڈیڈ ڈیفالٹر صارفین سے بقایا جات کی وصولی کو یقینی بنایا گیا۔ اس خصوصی مہم کے نتیجے میں محکمہ کو کروڑوں روپے کی ریکوری حاصل ہوئی۔ گیپکو کی جانب سے جاری کردہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق سب ڈویژن نمبر 2 نے اپنے سرکل میں ایک بار پھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ۔ دوسری جانب چیف ایگزیکٹو جام محمد ایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں اور نادہندگان سے ریکوری قومی خزانے کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہیں۔