سمبڑیال :جلوسوں ،مجالس کی فول پروف سکیورٹی کاپلان
امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ فلیگ مارچ کا فیصلہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ کی زیرِ صدارت تحصیل کمپلیکس سمبڑیال میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان رینجرز کے نمائندوں اور سکیورٹی اداروں کے افسر وں نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف پلان کا جائزہ لیا گیا۔امن و امان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز اور پولیس کے مشترکہ فلیگ مارچ اور گشت کا فیصلہ کیا گیا۔ جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کیمروں اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید سخت کرنے کی ہدایات دی گئیں۔بین المسالک بھائی چارے ، باہمی احترام اور امن کے فروغ پر خصوصی زور دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ کا کہنا تھا کہ عزاداروں کی حفاظت اور عوامی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ تمام ادارے مل کر محرم الحرام کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے ۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور امن و استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔