محرم الحرام میں سکیورٹی،184امام بارگاہوں میں پنیک بٹن،735جدید کیمرے نصب
ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن دبانے پر پو لیس فوری حرکت میں آ ئیگی ،جدید کیمرے کسی بھی مشتبہ یا ریکارڈ یافتہ مجرم کے چہرے کی شناخت کرتے ہی کنٹرول روم کو الرٹ جاری کرینگے
گوجرانوالہ (راجہ ماجد سے )گوجرانوالہ میں محرم الحرام میں سکیورٹی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، 184 امام بارگاہوں میں پینک بٹن کی تنصیب مکمل جبکہ 735 جدید سمارٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو کریمنلز کے چہرے کو پہچان کر کنٹرول روم کو آگاہ کریں گے ۔ پولیس نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس جامع سکیورٹی پلان نافذ کر دیا ،سکیورٹی انتظامات کے تحت ضلع بھر کی 184 امام بارگاہوں میں پینک بٹن نصب کر د ئیے گئے ہیں جبکہ حساس جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر 735 جدید کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔انچارج سیف سٹی ایس ایس پی عرفان الحق سلہریا کے مطابق یہ جدید کیمرے فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی سے منسلک ہیں جو کسی بھی مشتبہ یا ریکارڈ یافتہ مجرم کے چہرے کی شناخت کرتے ہی کنٹرول روم کو الرٹ جاری کرینگے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ امام بارگاہوں میں نصب پینک بٹن دبانے کی صورت میں متعلقہ تھانے اور کنٹرول روم کو فوری اطلاع ہوگی جس کے بعد پولیس ٹیمیں موقع پر روانہ کی جائیں گی ۔