مضر صحت گوشت فروخت،بیماریاں پھیلنے لگیں
سیالکوٹ اور نواح میں قصاب بیمار جانور خرید کر خفیہ سلاٹر ہاؤس میں ذبح اور کیمیکل لگا کرگوشت کو تازہ ظاہر کرنے لگے ،متعلقہ اداروں کی خاموشی پر شہری پر یشان
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہراقبال میں مضرصحت اور لاغر جانوروں کے گوشت کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے ،قصاب دیہی علاقوں سے بیمار جانور خرید کر غیر قانونی خفیہ سلاٹر ہاؤس میں ذبح اور دیگر مقامات پر کیمیکل لگا کرگوشت کو تازہ ظاہر کرتے ہیں،صحت کے مسائل میں اضافہ کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی۔سیالکوٹ اور گردونواح میں مضر صحت، لاغر اور مردہ جانوروں کے گوشت کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی صحت کو شدیدخطرات لاحق ہیں۔ عوام مضرصحت گوشت کی خریداری کرنے پر مجبور ہیں جبکہ انتظامیہ کی خاموشی نے عوامی بے چینی بڑھا دی ۔ ذرائع کے مطابق قصا ب بیمارجانوروں کودیہی علاقوں سے سستے داموں خرید کر خفیہ مقامات پر لے جا کر کیمیکل کے ذریعے تازہ کرتے ہیں جو عوام میں مختلف بیماریوں کا سبب بن رہا ہے ،ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ لائیو سٹاک کے ادارے اور دیگر حکام اس سنگین مسئلے کے خلاف کوئی موثراقدامات نہیں کر رہے ہیں، غیر قانونی ذبخ خانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جہاں جانوروں کی ذبح کا عمل بغیر کسی نگرانی کے جاری ہے ۔مقامی افراد نے خطرناک کاروبار کے خلاف سخت قوانین نافذ کرنے کی درخواست کی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہیں کئے گئے تو عوام کی صحت اور علاقے کی معیشت دونوں متاثر ہوں گے ۔عوام نے ڈپٹی کمشنر اورمقامی انتظامیہ سے فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مضر صحت گوشت کی فروخت کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔