ترقیاتی منصوبوں سے صنعتکاروں کو مشکلات کا سامنا‘سعد عرفانی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹر ی کے سینئر نائب صدرسعد جمیل عرفانی نے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے باعث بڑھتے ٹریفک دباؤ اور صنعتکاروں کو درپیش معاشی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں سعد جمیل عرفانی نے کہا کہ گوجرانوالہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا اہم مرکز ہے جہاں ہزاروں صنعتی یونٹس ملکی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی صنعتی اسٹیٹس گنجان آباد علاقوں میں ہونے کے باعث فیکٹریوں تک خام مال کی ترسیل اور تیار مصنوعات کی سپلائی مکمل طور پر مال بردار گاڑیوں پر منحصر ہے ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری سڑکوں کی تعمیر کے باعث ٹریفک دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متبادل انتظام کے بغیر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی اور جرمانوں نے صنعتکاروں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ اس صورتحال سے پیداوار اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جامع متبادل ٹریفک پلان بنایا جائے تاکہ صنعتی مال بردار گاڑیوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت یقینی بنائی جا سکے اور گوجرانوالہ کی صنعت کا پہیہ رواں رکھا جا سکے ۔