گوجرانوالہ کے تجارتی شعبوں میں وسیع استعداد ‘محمد علی
دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کیساتھ سسٹرسٹی تعلق قائم کرنا ضروری، کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ محمد علی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ کی صنعتی، تجارتی اور معاشی اہمیت کے پیش نظر دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کے ساتھ سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔انہوں نے یہ بات گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی ہمایوں بٹ اور دیگر متعلقہ شخصیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت، ثقافتی، تعلیمی اور تکنیکی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔کمشنر نے کہا کہ گوجرانوالہ پاکستان کا اہم صنعتی شہر ہے جہاں انجینئرنگ، سرجیکل آلات، برقی مصنوعات اور سیرامکس کے شعبوں میں وسیع استعداد موجود ہے ۔ عالمی صنعتی شہروں سے شراکت داری سے مقامی صنعتکاروں کو نئی منڈیاں، جدید ٹیکنالوجی اور برآمدات بڑھانے کے مواقع حاصل ہوں گے ۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ سسٹر سٹی پروگرام کے ذریعے تجارت کے ساتھ تعلیم، ثقافت، ماحولیات، شہری منصوبہ بندی، سیاحت اور بلدیاتی نظام میں بھی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔