ٹماٹر کی قیمت کو پَر لگ گئے ‘350روپے کلو تک فروخت
سرکاری نرخ 172روپے کلو مقرر ، دکانداروں کے من مانے نرخ ،شہری پریشان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ٹماٹر کی قیمت کو بھی پَر لگ گئے ۔ 280سے 350روپے کلو فروخت ہونے لگے ۔ نرخ میں اضافے پر ٹماٹر عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونے لگے ۔ ایک ہفتہ قبل ٹماٹر 70 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہے تھے قیمت میں اچانک اضافہ سے عام آدمی کیلئے ٹماٹر خریدنا محال ہو گیا ۔ مارکیٹ میں ٹماٹر 280سے 350روپے کلو کے حساب سے فروخت کئے جا رہے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹماٹر کا سرکاری نرخ 172روپے کلو مقرر کیا گیا ہے لیکن کسی بھی جگہ سے اس ریٹ پر ٹماٹر فروخت نہیں ہو رہے ۔سبزی فروش اپنے من مانے نر خوں پر ٹماٹر فروخت کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹماٹر کے بغیر کوئی بھی کھانا تیار نہیں ہو تا۔ ہر سبزی فروش نے سرکاری نرخ نامی آویزاں تو کیا ہوا ہے لیکن اس ریٹ پر کوئی بھی ٹماٹر فروخت نہیں کر رہا۔ٹماٹر مہنگا ہونے سے گھریلو خواتین بے حد پریشان ہیں۔ انکاکہناتھا کہ مجبوری پر مہنگا ٹماٹر خرید رہی ہیں کیونکہ اسکے بغیر کھانے کا ذائقہ نہیں ہو تا۔ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ سبزی منڈی سے انہیں ٹماٹر مہنگا مل رہا ہے وہ سر کاری نرخ پر کیسے ٹماٹر فروخت کر سکتے ہیں ۔منڈی سے ہمیں ٹماٹر 240روپے کلو کے حساب سے مل رہا ہے ۔