’’ دنیا‘‘ کی خبر پر ایکشن، انسداد گداگری مہم تیز کرنے کا فیصلہ

’’ دنیا‘‘ کی خبر پر ایکشن، انسداد گداگری مہم تیز کرنے کا فیصلہ

مہم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مختلف اداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) روزنامہ دنیا میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائیاں نہ ہونے سے متعلق شائع ہونے والی خبر پر ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی۔ انسداد گداگری مہم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے مختلف اداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) سارہ زینب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیشہ ور اور عادی بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی، پولیس، ٹریفک پولیس، محکمہ سوشل ویلفیئر، چائلڈ پروٹیکشن انسٹی ٹیوٹ، نادرا، محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے اینٹی بیگری مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے اب تک کی پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ہیڈ کوارٹرز) نے ہدایت کی کہ شہر کی اہم شاہراہوں، چوکوں، چوراہوں اور عوامی مقامات کو پیشہ ور بھکاریوں سے پاک کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کارروائیاں کریں۔ انہوں نے کہا کہ گداگری کے منظم نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے اور مہم کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے ۔انہوں نے معصوم بچوں سے بھیک منگوانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں انسداد گداگری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون سے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں