وزیرآباد اور گردونواح میں طوفانی بارش،جل تھل ایک ہو گیا
ترقیاتی کاموں پر اکھاڑ پچھاڑ سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ، نوٹس کامطالبہ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیرآباد اور گردونواح میں طوفانی بارش سے جل تھل ایک ہو گیا، واسا کی ٹیمیں رات بھر نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے میں مصروف رہیں جسکی ایم ڈی واسا علی حسنین مغل نے خود نگرانی کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ،شہر میں جگہ جگہ ترقیاتی کاموں کی وجہ سے اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے جس سے نکاسی آب میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا کی ٹیمیں مکمل متحرک ہیں واسا کو جدید مشینری بھی مل گئی ہے جو تیاری کے مراحل میں ہے اسے جلد سسٹم میں شامل کر کے شہریوں کو مزید رلیف فراہم کیا جائے گا تاہم دستیاب وسائل میں بھی واسا اہلکار رات بھر مختلف علاقوں سے پانی کو نکالنے میں لگے رہے ۔شہریوں نے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کو خصوصاً اللہ والے چوک کے قریب واٹر ٹینک اور منسلک نالوں کے کام کو جلد مکمل کروا کر صفائی کروائیں تا کہ نکاسی آب کا مسئلہ کم سے کم پیدا ہو۔