یونیورسٹی کے 2بلاک 5ماہ میں مکمل کرنے کا عزم
ایڈمنسٹریٹو اور اکیڈمک بلاکس کی تعمیر کے بعد تدریسی سرگرمیوں کاآغاز یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کا کیمپس علم، تحقیق کا جدید مرکز ثابت ہوگا:کمشنر
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جدید تعلیمی انفراسٹرکچر کی فراہمی کیلئے یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کے نئے کیمپس کی تعمیراتی سرگرمیاں تیز رفتاری سے جاری ہیں، ایک ہزار کنال سے زائد رقبے پر تقریباً5ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ خطے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔کمشنر محمد علی نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کے ہمراہ زیرِ تعمیر کیمپس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اکیڈمک بلاکس، ایڈمنسٹریٹو بلاک اور دیگر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت آئندہ 5ماہ کے دوران ایڈمنسٹریٹو بلاک اور اکیڈمک بلاکس مکمل کر لئے جائینگے جسکے بعد تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف گوجرانوالہ بلکہ پورے خطے کے طلبہ کو جدید، معیاری اور عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ کمشنر محمد علی نے ا س عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف گوجرانوالہ کا نیا کیمپس مستقبل کی نسلوں کیلئے علم، تحقیق اور ترقی کا جدید مرکز ثابت ہوگا۔