شیعہ قیدیوں کو عزاداری ،مذہبی رسومات کی اجازت
شیعہ علما کونسل کے وفد سے ملاقات کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ کے احکامات
پھالیہ(نامہ نگار)پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ نے شیعہ علما کونسل کے وفد سے اہم ملاقات کے بعد پنجاب بھر کی جیلوں میں اہلِ تشیع سمیت تمام قیدیوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کیلئے تحریری احکامات جاری کر دئیے ، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب لاہور کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شیعہ علما کونسل کے وفد نے صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و امن و امان ہوم سیکرٹری اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان سے ملاقات میں پنجاب کی مختلف جیلوں میں موجود اہل تشیع قیدیوں کو اسلامی کیلنڈر کے مقررہ ایام میں مذہبی رسومات بالخصوص عزاداری ادا کرنے کی اجازت اور سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔مراسلے میں واضح طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ صوبے کے تمام متعلقہ جیل حکام کو ضروری احکامات جاری کیے جائیں تاکہ تمام قیدی بالخصوص اہل تشیع قیدی اپنی مذہبی رسومات اور مذہبی معمولات کو قانون کے مطابق ادا کر سکیں۔ہوم ڈیپارٹمنٹ نے جیلوں میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی اس پالیسی پر حرف اور روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ساتھ ہی جیل کے اندر امن و امان برقرار رکھنے پر بھی زور دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments