دفاعی معاہدے پر ایف ڈی اے کمپلیکس قومی پرچموں سے روشن
تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون دیرینہ دوستی کا مظہر :آصف چودھری
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین ہونے والے تاریخی دفاعی معاہدے پر قومی سطح پر اظہار مسرت اور تینوں برادر اسلامی ممالک کے مضبوط ہوتے دفاعی، سفارتی اور برادرانہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) کمپلیکس کو تینوں ممالک کے قومی پرچموں کے رنگوں کی خوبصورت اور دیدہ زیب روشنیوں سے سجا دیا گیا۔ایف ڈی اے کمپلیکس پر تینوں ممالک کے پرچموں کے رنگوں کا حسین امتزاج تاریخی پیش رفت کے موقع پر قومی جذبات، باہمی دوستی، اخوت اور یکجہتی کی بھرپور عکاسی کر رہا ہے ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کہا کہ ایف ڈی اے کمپلیکس کو تینوں برادر ممالک کے قومی پرچموں کے رنگوں سے روشن کرنا تاریخی دفاعی معاہدے پر خوشی اور مسرت کے اظہار کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے درمیان گہری محبت، اعتماد اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں کو اجاگر کرنے کی خوبصورت کاوش ہے ۔انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے ، جس سے مشترکہ مفادات کے تحفظ، علاقائی امن و استحکام اور اجتماعی سلامتی کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments