لاہورمیں میٹروبس سروس بندہونے کاخطرہ ٹل گیا
ویڈا ، ٹرانزٹ اتھارٹی سروس جاری رکھنے پر متفق ،آج معاملات طے پاجائینگے
لاہور(سٹاف رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک) لاہورمیں میٹروبس سروس بندہونے کاخطرہ ٹل گیا،ویڈاکمپنی اورماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں سروس جاری رکھنے پر اتفاق ہو گیا،جی ایم آپریشنز ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ آج کے اجلاس میں مکمل معاملات طے پاجائینگے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ویڈا کمپنی نے گیارہ اگست سے میٹرو بس آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جسکے بعد پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے معاملے کے فوری حل کیلئے آج منگل کوہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے ۔اجلاس میں ویڈا کمپنی کے نمائندگان کو بھی مدعو کیا گیا ہے ، جہاں میٹرو بس آپریشن جاری رکھنے اور کمپنی کے تحفظات دور کرنے کیلئے اہم مذاکرات ہونگے ۔ویڈا کا مؤقف ہے کہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے ایندھن کے واجبات ادا نہیں کیے گئے ، جسکے باعث ایندھن کی فراہمی متاثر ہوئی اور بس سروس چلانا مشکل ہو گیا۔ دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ میٹرو بس بند نہیں ہونی چاہیے ، روزانہ ہزاروں لوگ اس پر سفر کرتے ہیں، سروس بند ہوئی تو طلبہ، ملازمین اور عام مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، حکومت کو اس مسئلے کا فوری حل نکالنا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments